پہلے سے مہنگائی کاشکار، صفائی ٹیکس قبول نہیں، ظفر صدیقی
تاجر اتحاد سے حقوق کی جنگ لڑیں گے ، منور سنٹر کی تقریب حلف برداری
ملتان (لیڈی رپورٹر)چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر کے صدر ظفر اقبال صدیقی نے کہا ہے کہ صفائی ٹیکس کسی صورت قبول نہیں، تاجر پہلے ہی مختلف مدات میں بھاری ٹیکس ادا کر رہے ہیں، ایسے میں صفائی کے نام پر مزید ٹیکس عائد کرنا کاروباری طبقے پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ ہمارا کام صرف ٹیکس ادا کرنا رہ گیا ہے ، جبکہ تاجر پہلے ہی مہنگائی، معاشی دباؤ اور سرکاری محکموں کے مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلی محلوں کی سطح پر تاجر اور عوام صفائی ٹیکس کے خلاف متحد ہوں، بصورت دیگر حکمران آئے روز نئے ٹیکس عائد کرتے رہیں گے ۔ تاجروں کے تحفظات ہر فورم پر اجاگر کریں گے اور ان کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران منور سنٹر بوہڑ گیٹ ملتان کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے نومنتخب صدر نذر عباس، جنرل سیکرٹری جہانزیب بھٹی، نائب صدر محمد ارشد، سیکرٹری اطلاعات افتخار حسین بھٹی اور فنانس سیکرٹری قدیر احمد سے عہدوں کا حلف لیا۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں مہر عابد جوئیہ، شیخ سجاد، احتشام گل، شیخ جمیل خلیل، میاں ظفر اقبال، تاج الدین قریشی، باؤ مصطفی، شیخ غلام مرتضیٰ، آصف بلوچ، ملک اسلم بوہنہ، حاجی اکرم اور شیخ عبدالندیم شامل تھے ۔ ارشد خان نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔مہمانِ خصوصی ضلعی صدر چیمبر آف سمال ٹریڈرز و ایگزیکٹو ممبر چیمبر آف کامرس شیخ طاہر امجد نے کہا کہ صرف تاجر ہی ٹیکس کیوں ادا کریں؟ ڈاکٹرز، وکلا، زمینداروں اور بیوروکریٹس سمیت تمام شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments