کپاس بحالی کیلئے کاٹن بورڈ فوری فعال کیا جائے ، طلعت سہیل

 کپاس بحالی کیلئے کاٹن بورڈ فوری فعال کیا جائے ، طلعت سہیل

بیجوں کی منظوری کا دورانیہ کم کرنے پر تشویش، تحقیقی اداروں کی کارکردگی پر سوالات

ملتان (لیڈی رپورٹر)چیئرمین پاکستان بزنس فورم پنجاب ملک طلعت سہیل نے چیئرمین کاٹن کمیٹی خواجہ فاروق احمد، سینئر ممبر ملک محمد امیر اور ملک تنویر ارشد کے ہمراہ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں درآمدی بیجوں کی منظوری کا عمل سات سال سے کم کرکے 18 ماہ کرنے کی تجویز پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی تحقیقی ادارے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث صرف علامتی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی تحقیق کے مطابق کسی بھی بیج کی افزائش اور جانچ کے لئے پانچ سے سات سال درکار ہوتے ہیں، جبکہ نجی شعبہ 18 ماہ میں اسے قابلِ استعمال بنانے کا دعویٰ کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں کمی کے ذمہ دار تمام ادارے ہیں۔ گزشتہ 20 سال میں کسی ادارے نے پیداوار بڑھانے کے لئے قابلِ ذکر کارکردگی نہیں دکھائی۔ سرکاری ادارے نجی سیڈ کمپنیوں پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ مالی فوائد کے لئے قبل از وقت تیار ہونے والی اقسام مہنگے داموں فروخت کرتی ہیں، جس سے ان کی مکمل پختگی نہ ہونے کے باعث پیداواری صلاحیت متاثر ہوتی ہے ۔ دوسری جانب سیڈ کمپنیاں حکومتی تحقیقی اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتی ہیں۔ملک طلعت سہیل نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم معیشت کے تمام شعبوں اور بالخصوص کپاس کی بحالی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور کپاس اس کا اہم شعبہ ہے ۔ فورم نے بحالیِ کپاس کے لیے کاٹن بورڈ کے قیام کا مطالبہ کیا تھا، جس پر اسحاق ڈار کی سربراہی میں بورڈ قائم تو کیا گیا، تاہم تاحال عملی پیش رفت نہیں ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...