میڈیکل کالج کی زائد فیس وصولی ، طالبعلم عدالت پہنچ گیا

میڈیکل کالج کی زائد فیس وصولی ، طالبعلم عدالت پہنچ گیا

پی ایم ڈی سی اور کالج انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب

وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ نے نجی میڈیکل کالج کی جانب سے مقررہ سرکاری فیس سے زائد رقم طلب کرنے اور طالب علم کو کلاسز لینے سے روکنے کے خلاف دائر درخواست پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور متعلقہ میڈیکل کالج کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ایم بی بی ایس کے طالب علم عون منور نے اپنے وکیل ظہور احمد چودھری ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ایم ڈی سی نے نجی میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبہ کی سالانہ ٹیوشن فیس 18 لاکھ روپے مقرر کر رکھی ہے ، جبکہ متعلقہ کالج انتظامیہ مبینہ طور پر نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سالانہ 27 لاکھ روپے طلب کر رہی ہے ۔درخواست گزار کے وکیل کے مطابق طالب علم اب تک 54 لاکھ روپے فیس جمع کرا چکا ہے اور سرکاری نوٹیفکیشن کے تحت اس کے ذمے صرف 4 لاکھ روپے واجب الادا ہیں۔ تاہم اضافی فیس ادا نہ کرنے پر کالج انتظامیہ نے اسے کلاسز لینے سے روک دیا، جس سے اس کا تعلیمی سال ضائع ہونے اور لازمی حاضری کا مقررہ معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد پی ایم ڈی سی اور کالج انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...