عقیدہ توحید اسلام کی بنیاد، اتباع رسولؐ ایمان کا تقاضا ، ناصر رحمانی
کلمہ طیبہ کے حقیقی مفہوم کو سمجھنا اور قرآن و سنت کیمطابق زندگی گزارنا لازم
وہاڑی (خبرنگار)امیر جمعیت اہل حدیث سندھ علامہ عبداللہ ناصر رحمانی نے کہا ہے کہ عقیدہ توحید اسلام کی بنیاد، ایمان کی اساس اور تمام انبیائے کرام علیہم السلام کی دعوت کا مرکزی پیغام ہے ۔ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کو تسلیم کرنا، اسی کو حقیقی معبود ماننا اور اپنی عبادات و بندگی صرف اسی کے لیے خاص کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات ہیں۔ محض زبان سے کلمہ طیبہ پڑھنا کافی نہیں بلکہ اس کے معنی و مفہوم کو سمجھنا اور عملی زندگی میں اس کے تقاضوں پر عمل کرنا ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز ابن القاسم الاسلامی میں خطبہ جمعۃ المبارک کے دوران کیا۔ وہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع ملتان کے محمد شریف چنگوانی کی خصوصی دعوت پر وہاڑی آئے تھے ۔ ان کے میزبانوں میں معروف تاجر حاجی محمد شفیق اور ماہر تعلیم عبدالمجید بھی شامل تھے ۔علامہ عبداللہ ناصر رحمانی نے کہا کہ کلمہ طیبہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور رسول اللہ ؐ کی رسالت کا اقرار ہے ۔ توحید محض زبانی دعوے کا نام نہیں بلکہ ایسا مکمل عقیدہ اور طرزِ زندگی ہے جس کا اثر انسان کے عقائد، عبادات، معاملات اور اخلاق میں نمایاں ہونا چاہیے ۔ ہر مسلمان کو اللہ تعالیٰ ہی کو اپنا خالق، مالک، رازق اور حقیقی معبود تسلیم کرتے ہوئے اپنے عقیدے اور اعمال کو شرک سے محفوظ رکھنا چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments