بوریوالا تھانہ صدر کی 87 سالہ عمارت کی جگہ نئی عمارت تعمیر
افتتاحی تقریب میں شہید اہلکار محمد رمضان کو خراج عقیدت، اعزازی شیلڈز تقسیم
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) تھانہ صدر بورے والا کی 87 سالہ قدیم عمارت کی جگہ تعمیر ہونے والی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ اس موقع پر دو روز قبل شہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد رمضان کے ایصال ثواب اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ پولیس کے دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ورثاء میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔افتتاحی تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر بورے والا چوہدری جواد حسین ملک، ڈی ایس پی رانا عمران ٹیپو، صدر بار ایسوسی ایشن رانا الطاف حسین، سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد آرائیں اور سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار خالد محمود ڈوگر سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پولیس شہداء قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کی بدولت معاشرے میں امن و امان قائم ہے ۔ پولیس اہلکار اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ملک و قوم کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی سہولیات اور سرکاری اداروں کی بہتری کے اقدامات کو بھی سراہا۔ڈی ایس پی رانا عمران ٹیپو نے کہا کہ بورے والا میں جلد ایک وسیع اور جدید خدمت مرکز کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے ۔ پولیس امن و امان کے قیام کے لیے ہمیشہ قربانیاں دیتی آئی ہے ۔ غازی راؤ یاسر نواز نے بھی جرائم پیشہ عناصر کا بہادری سے مقابلہ کرکے پولیس فورس کا نام روشن کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تھانہ صدر بورے والا کی سابقہ عمارت 1939ء میں تعمیر ہوئی تھی، جسے 87 سال بعد ازسرنو تعمیر کیا گیا ہے ۔تقریب سے معروف مذہبی شخصیت پیر اقبال شاہ نے بھی خطاب کیا اور شہداء پولیس، ملک و قوم کی سلامتی اور امن و امان کے لیے دعا کروائی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر، سیاسی و سماجی شخصیات اور بار عہدیداران نے ڈی ایس پی رانا عمران ٹیپو اور غازی راؤ یاسر نواز کو اعزازی شیلڈز پیش کیں جبکہ نئی عمارت کی تعمیر میں خدمات انجام دینے والے سرکاری افسران، ٹھیکیداروں اور عملے کو بھی شیلڈز دی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments