لیڈی پارک بن سکا اور نہ ہی جوائے لینڈ ہی بحال ہوا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث باغ جناح میں قائم جوائے لینڈ کی بحالی نہ ہونے سے شہریوں کی یہ واحد تفریح گاہ انتہائی زبوں حالی کا شکار ہو کر رہ گئی ہے ۔۔۔
ذرائع کے مطابق سابق خاتون ڈپٹی کمشنر نے اسے لیڈی پارک بنانے کی منظوری دیتے ہوئے اس پر کام بھی شروع کروایا مگر ان کے جاتے ہی نہ صرف کام بند ہو گیا بلکہ جوائے لینڈ کے ٹھیکیدار نے بھی اسے چلانے سے معذرت اختیار کر لی، جبکہ نئے ٹھیکے کے حوالے سے بھی معاملات مسلسل التواء کا شکار چلے آ رہے ہیں تاخیر کے باعث کروڑوں روپے کی لاگت سے نصب جھولے اور گاڑیاں وغیرہ زنگ آلود ہو کر ناکارہ ہوتے جا رہے ہیں، جبکہ انتظامی طور پر بھی ان کی دیکھ بھال کیلئے بھی کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے ، جس کے باعث سرکاری خزانے کو خطیر نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے ،جبکہ شہریوں کا کہنا ہے کہ تفریح کا یہ واحد ذریعہ تھا جو کہ بد انتظامی کی نظر ہو کر رہ گیا ہے ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر ترجیح بنیادوں پر یہاں کا دورہ کر کے اسے بحال کروائیں ۔