جشن عیدمیلاد النبی ؐ ڈویژن بھر میں عقیدت واحترام سے منایاگیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) رحمت للعالمین ، خاتم النبیین رسول کریم ؐ کی ولادت باسعادت کا جشن ڈویژن بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے جامعہ مسجد حامد علی شاہ اور جامعہ مسجد عزیزیہ واٹر سپلائی روڈ سے دعوت اسلامی کے برآمد ہونے والے جلوسوں میں شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر جہانزیب اعوان ، ریجنل پولیس آفیسر محمد شہزاد آصف خان ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی و دیگر انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ صوبائی وزیر نے مختلف مقامات پر جلوسوں کے شرکاء کا استقبال کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مٹھائی اور مشروبات پیش کیے ۔ انہوں نے جلوسوں کے روٹس پر صفائی ، سیکورٹی اور ٹریفک معاملات کا بھی جائزہ لیا ، منتظمین سے ملاقات کی اور انہیں میلاد النبی ؐ کی مبارک باد دی۔ جلوسوں میں ممبران امن کمیٹی سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور دیگر شعبہ زندگی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منتظمین نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر اظہارِ اطمینان کیا اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ڈی پی او ڈاکٹر محمد اسد ملہی کی کاوشوں کو سراہا۔