کھلے گٹر کور ، نکمے میونسپل افسر ، عملہ فارغ کرنے کا حکم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر )کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے چاروں ڈپٹی کمشنرزکو ہنگامی بنیادوں پر کھلے مین ہولز کا سروے کرکے حساس ایریاز میں فوری مین ہولز کو کور کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔
انہوں نے میونسپل کارپوریشن ، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں میں یونین کونسل سطح پر کھلے مین ہولز کا سروے کرکے ایک منصوبہ بندی کے تحت ان تمام کو کور کرنے اور اس ضمن میں ہر ہفتے رپورٹ ان کے دفتر بھجوانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ یہ احکامات انہوں نے ایک اعلی ٰسطحی اجلاس میں جاری کیے ۔ اجلاس میں انتظامی و میونسپل افسران نے شرکت کی۔ کمشنر نے میلاد النبی ؐ پر شاندار انتظامات پر سی او ایم سی زویا بلوچ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور اسی لگن و جذبہ سے کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے روزانہ الصبح اپنے علاقے کا دورہ کرے عملہ صفائی کو متحرک کرنے پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن یاسر بھٹی کی کارکردگی کو بھی سراہا اور دیگر افسران کو ان کی تقلید کرنے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کی یونین کونسلوں میں ڈی سلٹنگ کے جاری کام کی مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید صولت رضا کو تقویض کی اور مانیٹرنگ افسران کو بھی ڈی سلٹنگ کام کا روزانہ معا ئنہ کرنے کا حکم دیا۔ کمشنر نے سی او ایم سی کو ناقص کارکردگی کے حامل میونسپل افسران و دیگر عملہ کو ملازمت سے برخاست کرنے کی پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہر بھر میں نصب سٹریٹ لائٹس کے روزانہ کی بنیاد پر روشن نہ ہونے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے سی او ایم سی کو تین یوم میں مستقل حل نکالنے کا حکم دیا۔ انہوں نے شہر میں پیچ ورک کی حامل سٹرکوں کی نشان دہی اور اس کا جلد از جلد کام کروانے کی منصوبہ بندی کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن میں سیوریج و صفائی امور کی روزانہ موصولہ شکایات کے جلد حل کا میکنزم تیار کرنے اور مانیٹرنگ افسران کو اونر شپ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے سی او سمیت دیگر میونسپل افسران کو روزانہ ایک گھنٹہ سائلین کی شکایات کو سننے اور ان کو حل کروانے کے لیے وقف کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے ایم او پی کو نقشہ جات کی فائلز قانون کے مطابق نمٹانے اور کسی بھی سفارشات کو رد کرکے جائز کام بغیر سفارش کے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یونین کونسل سطح پر صفائی کے لیے تعینات عملہ کی تفصیل بھی طلب کرلی۔ کمشنر نے عملہ صفائی کی بائیو میٹرک حاضری اور گاڑیوں میں ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب کی ذمہ داریاں اے ڈی سی آر کو تقویض کرتے ہوئے اس امور کو جلد نمٹانے کی ہدایت کی۔