انسداد ڈینگی مہم کی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس

 انسداد ڈینگی مہم کی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس

بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنرمحمداشرف کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن خان،ڈی ایچ او،ڈپٹی ڈی ایچ اوز، محکمہ تعلیم،لوکل گورنمنٹ، لائیو سٹاک، زراعت ،سوشل ویلفیئر، پاپو لیشن ویلفیئر،پولیس کے متعلقہ افسران،ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے سی اوز سمیت کمیٹی کے دیگر معاون شعبوں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کو انسداد ڈینگی مہم پر عملدرآمد کے سلسلہ میں محکمہ صحت کی طرف سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں انہیں ڈینگی کے خلاف آؤٹ ڈور،ان ڈور اور ویکٹر سرویلنس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی مہم پر عملدرآمد کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امرپر زور دیا کہ ڈینگی کی افزائش کو روکنے کیلئے صاف ستھرا ماحول بنیادی ضرورت ہے جس کیلئے میونسپل کمیٹیوں کو بھرپور اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹیوں اور محکمہ صحت کے اشتراک سے سول سوسا ئٹی اور سرکاری و نجی اداروں کو ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے ۔انہوں نے دیگر سرکاری محکموں کی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ متعلقہ دائرہ کار میں ویکٹر سرویلنس باقاعدگی سے جاری رکھی جائے ۔انہوں نے ڈینگی کی افزائش کا باعث بننے والے عوامل کا سد باب یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امر کی تاکید کی کہ سرکاری دفاتر،نجی کاروباری اداروں اور گھریلو سطح پر پانی جمع ہونے کے ذرائع کا بطور خاص خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے جملہ معاون شعبوں کو ڈینگی کے خلاف سوشل موبلائزیشن کا عمل تواتر سے جاری رکھنے کی ہدایت کی تاکہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے ضلع بھر میں مکمل آگاہی عام کرکے انسداد ڈینگی مہم کے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں