نیو سیٹلائٹ ٹائون میں شہید انجینئر رانا محمد علی پارک کا افتتاح

 نیو سیٹلائٹ ٹائون میں شہید انجینئر رانا محمد علی پارک کا افتتاح

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے شہید انجینئر رانا محمد علی پارک کا افتتاح کر دیا۔ پارکس اینڈ ہارٹیکچر اتھارٹی نے نیو سیٹلائٹ ٹاون کے بلاک ایکس میں فیملی پارک بنایا ہے جس کی چار دیواری کے علاوہ، جاکنگ ٹریک، بینچز، کنوپی، لائٹس اور پارکنگ بنائی گئی ہے۔

اس موقع پر علاقہ معززین بھی موجود تھے جنھوں نے مذکورہ جگہ سے جوہڑ و تعفن زدہ ماحول کو ختم کروا کر پارک بنانے اور صحت مند ماحول فراہم کرنے پر کمشنر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور پارک کی پوری اونر شپ لینے کی یقین دہائی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقہ میں بچوں کے کھیلنے کی کوئی مناسب جگہ نہ تھی اور نہ ہی خواتین کے لیے پر فضا ماحول دستیاب تھا۔ اس موقع پر کمشنر جہانزیب اعوان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو سر سبز و شاداب ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مزید پارک بھی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے فرائض کی بجا آوری کے دوران شہید ہونے والے ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ رانا محمد علی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فرض شناس اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی و استحکام کی دعا بھی کروائی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں