ایڈیشنل کمشنر ودہولڈنگ ٹیکس کا شادی ہالز کے اچانک دورے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل کمشنر ودہولڈنگ ٹیکسز یاسمین صدف نے شہر کے مشہور و معروف شادی ہالز کا سرپرائز وزٹ کیا اور مالکان سے ٹیکس کی ادائیگی کے متعلق استفسار کیا۔۔۔
اس موقع پہ ان کا کہنا تھاکہ ٹیکس کی ادائیگی ایک اہم ترین قومی اور ریاستی فریضہ ہے اور اس سے روگردانی کرنا نہ صرف قانوناً بلکہ اخلاقاً بھی ایک سخت جرم ہے ۔ کسی بھی ملک میں کاروبار حکومت اور جدید اور بہترین انفراسٹرکچر ٹیکس کی باقاعدہ اور مکمل ادائیگیوں کا مرہون منت ہوتا ہے ۔ کسی بھی ریاست میں بہترین اور کشادہ سڑکوں کی تعمیر، جدید طبی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی ، حقیقی فلاحی ریاست کا قیام، فوری عدل اور انصاف کے مستعد کا نفاذ اور مؤثر اور فعال اداروں کی تنظیم صرف اس وقت ہی ممکن ہوتی ہے جب اس ریاست کے شہری پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے ٹیکسز ادا کرتے ہیں۔ ٹیکس کی مکمل ادائیگیاں مہذب اور معاشی طور پر خوشحال معاشروں کا امتیازی وصف ہوتا ہے ۔انھوں نے ہالز مالکان کو ہدایت کی کہ اپنی قومی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ہر فنکشن پہ پورا ٹیکس لوگوں سے اکٹھا کرکے قومی خزانے میں جمع کروائیں اور مزید قانونی کاروائی سے بچیں۔