کمشنر کا نواحی چک میں عوامی خدمات کے اداروں کا معائنہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان نے سرگودہا کے نواحی علاقے چک نمبر 75 جنوبی کا دورہ کیا اور مختلف عوامی خدمات کے اداروں کا معا ئنہ کیا۔
ان کا یہ دورہ انتظامی، تعلیم کے معیار میں بہتری، دیہی صحت کی سہولیات اور لائیو سٹاک شعبے کی افادیت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔ کمشنر کو دیہی مرکز صحت چک نمبر 75 جنوبی کی ری ویمپنگ سے متعلق جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے طبی عملے سے سہولیات، مریضوں کی آمد، ادویات کی دستیابی اور ایمرجنسی خدمات پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں صحت کی معیاری سہولیات حکومت پنجاب کا عزم ہے ۔ کسی بھی بنیادی سہولت کی کمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ تمام ادویات و مشینری فعال اور بروقت مہیا ہونی چاہیے ۔کمشنر جہانزیب اعوان نے گورنمنٹ ہائی سکول چک نمبر 75 جنوبی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے کلاسز میں جا کر تدریسی عمل کا مشاہدہ کیا، طلبہ سے تعلیمی معیار اور ا ساتذہ کی رہنمائی سے متعلق سوالات کیے ۔کمشنر نے سول ویٹرنری ہسپتال چک نمبر 75 جنوبی کا بھی معائنیہ کیا اور وہاں موجود سہولیات، ادویات، ویکسینیشن پروگرامز، اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔