قربانی کے بعد آلائشیں اٹھانے،سپرے کی تیاریاں مکمل
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اجلاس میں عالمی یوم ماحولیات، عیدالاضحی کی تیاریوں، اشیائے خور ونوش کی قیمتوں پر کنٹرول اور صفائی کے خصوصی پلان کا جائزہ لیا گیا۔۔
، ڈپٹی کمشنروں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 5 جون کو عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر \\\"نو پلوشن، نو پلاسٹک \\\"تھیم کے تحت مختلف آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں آگاہی واکس، پمفلٹ س کی تقسیم، بازاروں میں شاپنگ بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن، عوام میں کپڑے کے تھیلوں کی تقسیم، شجرکاری مہم، اور بھٹہ جات کی انسپکشن شامل ہوں گی۔ سی ای او سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے عیدالاضحی کے لیے ترتیب دیے گئے صفائی پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جانوروں کی فروخت صرف مجاز سیل پوائنٹس پر دی گئی ہے ،قربانی کے بعد بروقت آلائشوں کو اٹھا نے ، جراثیم کش سپرے ، گندگی کے فوری خاتمے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ عیدالاضحی پر صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات فول پروف ہونے چاہئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام جھولوں کے لیے تازہ فٹنس سرٹیفکیٹس کا حصول لازم قرار دیا جائے ۔ تفریحی مقامات، پارکس، اور عوامی مقامات پر سکیورٹی کے جامع انتظامات کیے جائیں ، تمام متعلقہ ادارے عید کی تعطیلات کے دوران مکمل طور پر الرٹ رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں کی مانیٹرنگ شروع کی جائے اور روزانہ کی کارروائی کی رپورٹ کمشنر آفس ارسال کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کے دوران عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہنگامی شکایتی سیل قائم کیے جائیں گے ۔