مارکیٹ کمیٹیوں کو مالی مشکلات سے نکالنے کی گائیڈ لائن نظر انداز

سرگودھا(نعیم فیصل سے ) حکومت کے بار بار احکامات کے باوجود سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کی مارکیٹ کمیٹیوں کو مالی مشکلات سے نکالنے کیلئے دی گئی گائیڈ لائن پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔۔۔
جس کے باعث رواں مالی سال میں بھی یہ مارکیٹ کمیٹیاں نہ تو اپنے اہداف کی تکمیل ممکن بنا سکیں اور نہ ہی ان کے اخراجات اور بجٹ میں توازن پیدا ہو سکا ، جس پر صوبائی حکومت کی طرف سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کو فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیئے ، ذرائع کے مطابق پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ سرگودھا، لاہور، قصور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین ، سیالکوٹ، بھکر، خوشاب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، خان،وہاڑی، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار،خان، مظفر گڑھ، کوٹ ادو میں مختلف زرعی پیداوارکو بڑھانے ، طلب و رسد کو کنٹرول کرنے کیلئے بنائی گئی مختلف ایگریکلچر مارکیٹ کمیٹیاں فعال نہیں ہو سکیں ،اسی طرح مذکورہ اضلاع کی مارکیٹ کمیٹیوں کے تحت میں مجموعی طور پر 4ہزار247 پلاٹوں کی نیلامیوں کے حوالے سے بھی جاری بار بار احکامات پر عملدرآمد کی شرح صفر رہی ،جن میں ضلع سرگودھا کے 93،بھکر کے 121،خوشاب کے 18پلاٹس بھی شامل ہیں جن کی فروخت سے حاصل ہونے والے کروڑوں روپے کے محصولات سے آپریشنل اخراجات کی تکمیل، ترقیاتی کام کرنے ،تنخواہوں اور پنشنز کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے ، اور مارکیٹ کمیٹیوں کی مجموعی پائیداری اور فعالیت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ،مگر ضلعی حکومتیں اس حوالے سے ناکام ثابت ہوئیں، اور مارکیٹ کمیٹیاں بدستور مشکلات سے دوچار ہیں،جس پر ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ ریسرچ کی جانب سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر زکو ترجیح بنیادوں پر خصوصی کمیٹیوں کو فعال کر کے ان پلاٹوں کی نیلامی کے عمل کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر امور کیلئے بنائی گئی کمیٹیوں کی کارکردگی کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔