کمشنر کے واپس جاتے ہی قبضہ گروپ کی واپسی ،تجاوزات پھرقائم

کمشنر کے واپس جاتے ہی قبضہ گروپ کی واپسی ،تجاوزات پھرقائم

پھلروان روڈ، چوک دروازہ چکوالا اور دروازہ لالو والا میں آپریشن کلین اپ کیا گیا قبضہ مافیا کے خلاف انتہائی سخت اور مستقل اقدامات اٹھائے جائیں،شہریوں کا مطالبہ

بھیرہ(نامہ نگار )گزشتہ ہفتے کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان کے دورئہ بھیرہ کے موقع پر انتظامیہ نے پھلروان روڈ، چوک دروازہ چکوالا اور دروازہ لالو والا میں فوری طور پر آپریشن کلین اپ کرتے ہوئے راستوں کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا تھا، تاہم کمشنر کے واپس جاتے ہی قبضہ مافیا نے دوبارہ تجاوزات قائم کر لیں۔ ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں برقرار ہے ۔شہریوں محمد اشرف، آصف خان، شاہد محمود، سجاد احمد اور محمد الیاس نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا نے شہر کی اہم گزرگاہوں کو یرغمال بنا رکھا ہے اور طاقتور مافیا کے سامنے انتظامیہ بے بسی کی تصویر بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کمشنر ، ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ سے مطالبہ کیا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف سخت اور مستقل اقدامات اٹھا کر عوام میں انتظامی رِٹ بحال کی جائے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ دروازہ چکوالا، پھلروان روڈ اور دروازہ لالو والا میں سرکاری املاک پر ناجائز قبضوں کے باعث عوام کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ اکثر اوقات ٹریفک جام ہونے سے مزید مسائل بھی جنم لیتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں