گندم کی توڑی بھوسہ اور پرالی کو آگ لگانے پر پابندی
گندم کی توڑی بھوسہ اور پرالی کو آگ لگانے پر پابندی موٹر وے پر حادثات سے بچنے کیلئے یہ اقدام اٹھایا جا رہا ،ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے سرگودھا سمیت دیگر اضلاع کی حدود میں واقع موٹر وے کیساتھ 220میٹرز تک گندم کے توڑی بھوسہ اور پرالی کو آگ لگانے پر پابندی عائد کرنے کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ،ذرائع کے مطابق موٹر وے پر حادثات کے نتیجے میں انسانی جانوں کے خطرے کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا جا رہا ہے کیونکہ گندم کی پرالی وغیرہ جلانے کی وجہ سے پیدا ہونے والے دھواں سے موٹر وے ایم ٹو اور ایم تھری (لاہور سے اسلام آباد ’ پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد )پر حد نظر متاثر ہو نے کا خدشہ ہے دریں اثنا حکومت پنجاب نے کسی بھی مزارع کو فصل ربیع کی بٹائی کاحصہ مالک زمین کو ادا کئے بغیر کھیت سے فصل اٹھانے پر عائد پابندی کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف فوجداری دفعات کے تحت کاروائی کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔