تیل سستا ہونے پر بھی ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ کی جا سکی
تیل سستا ہونے پر بھی ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ کی جا سکیٹرانسپورٹرز نے گرمی کی شدت میں اضافہ کو جواز بنا کر لوٹ مار شروع کر دی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود سرگودھا میں دیگر اضلاع کے روٹس پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کی جا سکی اور ٹرانسپورٹرز نے گرمی کی شدت میں اضافہ کو جواز بنا کر الگ سے لوٹ مار شروع کر دی ہے ، جس کی وجہ سے مسافروں کے لیے شدید مشکلات پیدا ہو رہی ہیں اسی طرح رکشہ ڈرائیوروں نے بھی پٹرول مہنگا ہونے پر جو کرائے بڑھائے تھے انہیں کم نہیں کیا گیا اور اضافی کرایہ وصول کیا جا رہا ہے ،جبکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ شعبہ کی جانب سے حکومتی احکامات پر عملدرآمد سرکاری ریکارڈ کی تکمیل ،پکڑ دھکڑ اور جرمانے کے ساتھ ساتھ فوٹو سیشن تک محدود ہے ، ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ متعلقہ شعبہ اور ٹرانسپورٹرز نے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے ، اضافی کرایوں میں سے کچھ جرمانوں کی مد میں سرکاری خزانے میں جمع کروا دیا جاتا ہے ،اور عملی طور پر ٹرانسپورٹرز کے کرایوں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے ،جس کی وجہ سے ڈرائیوروں اور مسافروں میں توں تکرار اور لڑائی جھگڑے بڑھتے جا رہے ہیں گزشتہ روز بھی جھاوریاں روڈ پربھیرہ کے قریب محمد رضوان نامی ڈرائیور نے پچاس روپے زائد کرایہ وصول کیا تو مسافر اور ڈرائیور کی لڑائی ہو گئی ، نامعلوم مسافر نے ڈرائیور رضوان کو مکوں اور تھپڑوں سے پیٹ ڈالا، جس پر مسافر کے خلاف مقدمہ تو درج کر لیا گیا مگر اضافی کرایے کی وصولی بدستور جاری رہی۔