یکم جون کے بعد کاروباری اوقات میں نرمی برقرار رکھی جائے ، تاجر
یکم جون کے بعد کاروباری اوقات میں نرمی برقرار رکھی جائے ، تاجر مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کاروباری افراد کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چیمبر آف کامرس ، سرگودھاسمال چیمبر اور مرکزی انجمن تاجران نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یکم جون کے بعد بھی کاروباری اوقات میں نرمی برقرار رکھی جائے ۔صدر سرگودھا چیمبر خواجہ یاسر قیوم اصدر سمال چیمبر محمد حسن یوسف اور صدر مرکزی انجمن تاجران شہر و ضلع سرگودھا شیخ ندیم خاور نے کہا ہے کہ مارکیٹوں کو رات 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کی کوششوں سے حکومت نے کاروباری اوقات میں نرمی کی، جس سے تاجروں کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر کچھ ریلیف ملا۔خواجہ یاسر قیوم ،شیخ ندیم ندیم خاور،محمد حسن یوسف کا کہنا تھا کہ توانائی بچت کے لیے کاروبار بند کرنا واحد حل نہیں، بلکہ بجلی کے استعمال میں کمی کیلئے متبادل اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ریٹیل اور ریسٹورنٹ سیکٹر پہلے ہی شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں اور کاروباری اوقات میں سختی سے معاشی سرگرمیاں مزید متاثر ہوں گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کاروباری برادری کو اعتماد میں لے کر فیصلے کرے تاکہ معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کو نقصان سے بچایا جا سکے ۔