انٹرمیڈیٹ پارٹ IIپیپر ، کرسچن کمیونٹی کے سینکڑوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر
انٹرمیڈیٹ پارٹ IIپیپر ، کرسچن کمیونٹی کے سینکڑوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر 22 مئی کو ڈیٹ شیٹ کے برعکس21 مراکزکا پیپر غیر قانونی طور پر سیکنڈ ٹائم لیا گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھاکے حکام کی ناقص پالیسی اور بدانتظامی کے باعث انٹرمیڈیٹ پارٹ II کے \'اخلاقیات کے پیپر میں کرسچن کمیونٹی کے سینکڑوں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیاجس پر انہوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ، طلباء و طالبات کا کہنا ہے کہ 22 مئی کو ڈیٹ شیٹ کے برعکس تقریباً 21 مراکز پر Ethics کا پیپر غیر قانونی طور پر سیکنڈ ٹائم لیا گیا۔ دوپہر 2:30 بجے شروع ہونے والا پیپر کنٹرولرکی غفلت کے باعث ساڑھے تین بجے کے بعد امتحانی مراکز پہنچایا گیا، جس کی وجہ سے اقلیتی طلبہ کو پرچہ حل کرنے کا پورا وقت نہ مل سکا اور ان کا تعلیمی نقصان ہوا۔ متاثرہ والدین اور شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور کمشنر سرگودھا سے واقعے کا فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔