عیدالاضحی پر صفائی سکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل ساڑھے تین لاکھ شاپنگ بیگز تقسیم
دیہی علاقوں میں 112 شہری علاقوں میں 22 ڈمپنگ پوائنٹس قائم ،ساڑھے پانچ ہزار سے زائد ورکرز صفائی آپریشن، آلائشیں اٹھانے اور ویسٹ کلیکشن کے عمل میں حصہ لیں گے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بہترین صفائی، سکیورٹی اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ضلع بھر میں جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ضلع بھر میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں محفوظ انداز میں تلف کرنے کیلئے خصوصی صفائی پلان کے تحت ساڑھے تین لاکھ کے قریب بائیو ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگز شہریوں میں تقسیم کرنے کا عمل شروع جبکہ تحصیل سطح پر خصوصی کیمپ قائم کر دیئے گئے جہاں سے شہری شاپنگ بیگز اور صفائی سے متعلق سہولیات حاصل کر سکیں گے ،ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے دنیا نیوز کو بتایا کہ دیہی علاقوں میں 112 جبکہ شہری علاقوں میں 22 ڈمپنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔
عیدالاضحیٰ کے تینوں ایام میں تقریباً ساڑھے پانچ ہزار سے زائد ورکرز صفائی آپریشن، آلائشیں اٹھانے اور ویسٹ کلیکشن کے عمل میں حصہ لیں گے جبکہ ایک ہزار سے زائد مشینری آپریشنل رہے گی۔ پہلے روز تقریباً ساڑھے چار ہزار ٹن جبکہ دوسرے روز تین ہزار ٹن آلائشیں اور ویسٹ ٹھکانے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، شہری شکایات کے اندراج کیلئے خصوصی کنٹرول روم اور شکایت سیل بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 10سے 15منٹ کے اندر آلائشیں اٹھانے کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ نہروں، آبی گزرگاہوں اور کھلے مقامات پر آلائشیں پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور موقع پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، صفائی سے متعلق ہدایات پر عمل کریں اور قربانی کی آلائشیں مقررہ طریقہ کار کے مطابق تلف کریں تاکہ ’’صاف ستھرا سرگودھا‘‘ کے عزم کو کامیاب بنایا جا سکے اور عیدالاضحیٰ کو حقیقی معنوں میں خوشیوں اور صفائی کی مثال بنایا جا سکے ۔