سی سی ڈی کا چھاپہ، بدنام زمانہ چور گرفتار، ساتھی فرار
خوشاب (نمائندہ دنیا)کرائمز کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی خصوصی ٹیم نے جوہر آباد کے نواحی علاقے میں پکھی واسوں کی جھگیوں پر چھاپہ مار کر مبینہ طور پر متعدد چوری کی وارداتوں میں مطلوب بدنام زمانہ ملزم مقبول قریشی کو گرفتار کر لیا۔
جبکہ اس کا ساتھی مبشر قریشی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ذرائع کے مطابق ضلع سرگودھا کے علاقے ساہیوال کا رہائشی ملزم مقبول قریشی اپنے ساتھی مبشر قریشی کے ہمراہ حلیہ تبدیل کرکے جوہر آباد میں پکھی واسوں کی جھگیوں میں روپوش تھا۔ سی سی ڈی ٹیم نے مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے ، جبکہ فرار ہونے والے مبشر قریشی کی گرفتاری کے لیے تلاش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔جوہر آباد کے سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے سماج دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی پر کرائمز کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایسی کارروائیاں مزید تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔