واجبات کی عدم ادائیگی نوٹسز جاری، واٹر سپلائی سیکموں کے کنکشن منقطع ہونے کا خدشہ
لوئر جہلم کینال سے ان بلدیاتی اداروں کی واٹر سپلائی سکیموں کو فراہم کیے جانے والے کنکشنز کے واجبات طویل عرصے سے ادا نہیں کیے جا رہے ،متعدد بار مراسلے بھیجنے پر بھی کوئی ایکشن نہیں ہوا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)محکمہ انہار نے واجبات کی عدم ادائیگی پر ضلع سرگودھا کی مختلف واٹر سپلائی سکیموں کے کنکشن منقطع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے ، جس کے باعث شہریوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق لوئر جہلم کینال سرگودھا ڈویژن حکام کی جانب سے میونسپل کارپوریشن سرگودھا، میونسپل کمیٹی سلانوالی، میونسپل کمیٹی شاہ پور اور میونسپل کمیٹی ساہیوال کے چیف افسران کو مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد کے واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔نوٹسز میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لوئر جہلم کینال سے ان بلدیاتی اداروں کی واٹر سپلائی سکیموں کو فراہم کیے جانے والے کنکشنز کے واجبات طویل عرصے سے ادا نہیں کیے جا رہے ۔ اس حوالے سے متعدد بار مراسلے بھی ارسال کیے گئے ، تاہم تاحال واجبات کی وصولی ممکن نہیں ہو سکی۔محکمہ انہار نے خبردار کیا ہے کہ اگر رواں مالی سال کے اختتام سے قبل بقایا جات ادا نہ کیے گئے تو واٹر سپلائی سکیموں کے کنکشن منقطع کر دئیے جائیں گے ، جس سے شہریوں کو پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہو سکتا ہے ۔دوسری جانب شہری حلقوں نے متعلقہ بلدیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے تاکہ گرمیوں کے موسم میں پانی کی فراہمی متاثر نہ ہو اور عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے ۔