نمازِ جمعہ کے اجتماعات کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات
نمازِ جمعہ کے اجتماعات کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات اہم مقامات پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کا استعمال یقینی بنایا گیا،ڈی پی او
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف کی ہدایت پر ضلع بھر میں نمازِ جمعہ کے اجتماعات کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے اہم مساجد اور امام بارگاہوں پر 500سے زائد مسلح پولیس افسران اور جوانوں کو تعینات کیا گیا۔ ایلیٹ فورس کے دستے حساس علاقوں اور عبادت گاہوں کے گردونواح میں مسلسل گشت کرتے رہے ۔
اہم مقامات پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کا استعمال یقینی بنایا گیا۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے افسران اور جوان بھی فیلڈ میں موجود رہے ، مساجد اور عبادت گاہوں پر پارکنگ کے لیے الگ مقامات مختص کیے گئے تاکہ شہریوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس ہر لمحہ کوشاں رہے گی۔