آئی سی اے چیئرمین کا ایس بی انٹرنیشنل سکول بھیرہ کا دورہ
آئی سی اے چیئرمین کا ایس بی انٹرنیشنل سکول بھیرہ کا دورہ 15 کروڑ روپے کے تعلیمی وظائف کا اعلان، سکول کے مختلف شعبہ جات دیکھے
بھیرہ (نامہ نگار )انٹرنیشنل کانٹیسٹ اینڈ اسیسمنٹ (آئی سی اے ) سنگاپور کے چیئرمین مسٹر ہنری اونگ نے آئی سی اے کے چیف ایگزیکٹو اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی نژاد ماہر تعلیم مخدوم حسین بھٹی کی دعوت پر ایس بی انٹرنیشنل اسکول علی پور سیداں، بھیرہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین ملک شعیب اعوان سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔مہمانوں نے سکول کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مخدوم حسین بھٹی نے بتایا کہ انٹرنیشنل کانٹیسٹ اینڈ اسیسمنٹ (آئی سی اے ) ملک بھر کے طلبہ کی تعلیمی و ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ریاضی اور سائنس کے مقابلہ جات منعقد کراتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو سنگاپور میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کا موقع دیا جاتا ہے ، جہاں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو میڈلز اور دیگر اعزازات سے نوازا جاتا ہے ۔مخدوم حسین بھٹی کے مطابق آئی سی اے کے چیئرمین مسٹر ہنری اونگ نے ان کی درخواست پر پنجاب بھر کے باصلاحیت بچوں کی تعلیمی حوصلہ افزائی اور صلاحیتوں کے فروغ کے لیے 15 کروڑ روپے مالیت کے تعلیمی وظائف دینے کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے اس اقدام کو پاکستان بالخصوص پنجاب کے باصلاحیت طلبہ کے لیے اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وظائف کے ذریعے طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے تعلیمی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور مزید آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments