ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، مہنگائی سے عوام پریشان
ملک میں روز بروز بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور مہنگائی کا طوفان برپا ہے :شہری
کمرمشانی (نمائندہ دنیا)ادویات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کو پریشان کر دیا، مہنگائی اور بے روزگاری سے تنگ شہری دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پھٹ پڑے ۔بزرگ شہری خان زمان، جاوید، شیر زمان اور محمد اکرم نے کہا کہ شوگر اور بلڈ پریشر کی ادویات ان کے لیے روٹی سے بھی زیادہ ضروری ہیں، لیکن ان کی قیمتوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے ، جبکہ حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔نوجوانوں عادل، شیر خان اور ضیاء اللہ خان نے کہا کہ ملک میں روز بروز بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور مہنگائی کا طوفان برپا ہے۔
بیرون ملک روزگار کے لیے جانے والے افراد سے ایجنٹ چھ سے سات لاکھ روپے وصول کر رہے ہیں، جبکہ بیرون ملک جانے کے بعد بھی بڑی تعداد میں لوگ ذلیل و خوار ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام سے ٹیکس وصول کرنے کے لیے تو متحرک نظر آتی ہے ، لیکن بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے ۔ بے روزگاری کے باعث نوجوان مایوسی کا شکار ہیں اور انہیں اپنا مستقبل تاریک نظر آتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments