کچے میں آپریشن:2 ڈاکو ہلاک، 139 نے ہتھیار ڈال دیئے
لاہور (نمائندہ دنیا )پنجاب پولیس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ کچے کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر جاری آپریشن میں اہم کامیابیاں حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق حالیہ کارروائیوں کے دوران ڈرون حملوں میں مزید ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ڈاکوؤں کا ایک زیرِ زمین بنکر بھی تباہ کر دیا گیا ہے ۔ترجمان کے مطابق حالیہ آپریشن کے دوران 2 خطرناک ڈاکو ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 139 ڈاکو ہتھیار ڈال کر جرائم کی دنیا سے توبہ کر چکے ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے مقررہ ہیڈ منی والے 12 مطلوب ڈاکو بھی سرنڈر کر چکے ہیں۔ رحیم یار خان اور راجن پور کے کچے کے علاقوں کا تقریباً 90 فیصد حصہ 10 سال بعد ڈاکوؤں سے کلیئر کروا لیا گیا ہے ۔ ڈی پی او رحیم یار خان عرفان سموں نے بتایا کہ قانون کے آگے سرنڈر نہ کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف سرجیکل سٹرائیک جاری ہے ، سرنڈر کرنے والے ڈاکوؤں سے میرٹ پر تفتیش کی جائے گی ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے آپریشن مزید مو ثر انداز میں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔