بچے قتل:مبینہ ملزمہ کا دوست گرفتار،تفتیش سی سی ڈی کے حوالے
3بچوں کے قتل کیس میں جھنگ سے گرفتار شہریار کا ملزمہ سے مسلسل رابطہ تھا طلاق پرمیکے نے بھی بچے نہ سنبھالے اس لئے مارا :ملزمہ ،شوہرپرسنگین الزامات
لاہور (کرائم رپورٹر )اچھرہ کے علاقے میں تین معصوم بچوں کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، پولیس نے مبینہ ملزمہ ردا کے قریبی دوست شہریار کو جھنگ سے حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق شہریار کو ملزمہ سے مسلسل رابطوں کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا جبکہ اسے لوکیٹر کی مدد سے ٹریس کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریار کے کردار کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شہریار اور ملزمہ ردا کے درمیان قریبی تعلق تھا اور دونوں کے درمیان 768 فون کالز کا ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے ۔ ملزمہ نے دوران تفتیش شہریار سے دوستی کا اعتراف بھی کیا ۔پولیس نے کیس کی مزید تفتیش کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی)کے حوالے کر دی جبکہ سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن اس کیس کی تحقیقات آگے بڑھائے گی۔دوران تفتیش ملزمہ ردا نے اپنے شوہر پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے بیان دیا کہ اس کا شوہر اسے غیر مردوں سے رابطہ کرنے اور پیسے مانگنے پر مجبور کرتا تھا، شہریار سے رابطے کے بارے میں بھی اس کے شوہر کو علم تھا۔ مبینہ ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے شوہر کے کہنے پر ایک پیر سے بھی رابطہ کیا تھا اور شوہر کے روئیے سے نالاں تھی۔ اس کے مطابق طلاق کے بعد بچوں کو سنبھالنے والا کوئی نہیں تھا اور میکے والوں نے بھی بچوں کو رکھنے سے انکار کر دیا تھا، جس پر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔