بھکر: زمین کے تنازع پر فائرنگ ، باپ، 2بیٹوں سمیت 5 افراد قتل

بھکر: زمین کے تنازع پر فائرنگ ، باپ، 2بیٹوں سمیت 5 افراد قتل

بستی چانڈیہ میں رشتہ داروں کے درمیان کچے کھال پر جھگڑا ،محمد نیاز، اسلم، مظہر ، اظہر اور وسیم موقع پر جاں بحق شفیع، سجاد اور امان اللہ شدید زخمی ، ملز م موقع سے فرار ہوگئے ، پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ، ٹیمیں تشکیل

 دریاخان (نمائندہ دنیا، اے پی پی ) بھکر کے نواحی علاقے بستی چانڈیہ میں ایک فٹ زمین کے تنازع پر دو گروپوں کے درمیان خونی تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے  5 افراد جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے ۔واقعہ قریبی رشتہ داروں کے درمیان کچے کھال کے تنازع پر پیش آیا، جس کے دوران دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد نیاز، اسلم خان، مظہر عباس، اظہر عباس اور وسیم سجاد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔ زخمیوں میں شفیع، سجاد اور امان اللہ شامل ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھکر منتقل کیا، جبکہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو حقیقی بھائی 18 سالہ اظہر عباس اور 19 سالہ مظہر عباس کے علاوہ ان کے والد محمد اسلم بھی شامل ہیں۔واقعے کے بعد ملز م موقع سے فرار ہوگئے ، جس پر پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا برقرار ہے ۔ اے پی پی کے مطابق گز شتہ ایک سال سے زمین کا تنازع چلا آ رہا تھا جس کی وجہ سے دونوں فریقین میں گزشتہ روز بھی ہاتھاپائی ہوئی تاہم ہفتہ کی صبح پھر دونوں فریقین میں جھگڑا ہوگیا۔ 

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں