آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات جاری، جلد معاہدہ ہونے کا امکان ہے: گورنر سٹیٹ بینک

تجارت

لندن: (دنیا نیوز) گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات درست سمت میں جاری ہیں، معاہدہ ہونے کا جلد امکان ہے۔ پاکستان کی معیشت بہتر ہورہی ہے۔

لندن میں پاکستانی کمیونٹی اور تاجروں کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بنک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی کوئی انوکھی بات نہیں، یہ عالمی مسئلہ ہے۔ دنیا بھر میں تیل کی بڑھتی قیمتیں مہنگائی کی بڑی وجہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے وزیر اعظم کا پیغام لے کر آیا ہوں، اب تک 2 لاکھ 60 ہزار روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھل چکے ہیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے 2.6 ارب ڈالر پاکستان آئے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، مہنگائی پوری دنیا میں ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں جو مہنگائی ہے وہ پچھلے تیس سالوں میں نہیں ہوئی، ایکسچینج ریٹ جون 2019 سے مارکیٹ پر چھوڑ دیا گیا ہے، ادائیگیوں کا دباؤ اس لیے ہے کہ ہماری معیشت بہتر ہورہی ہے۔ تقریب سے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم علی اور انیل مسرت نے بھی خطاب کیا۔  

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں