شہری کو اغوا کر کے بھتہ لینے والے سی ٹی ڈی سب انسپکٹر سمیت 4 افسر معطل

کراچی: (دنیا نیوز) ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) آصف اعجاز شیخ نے ایکشن لیتے ہوئے شہری سے بھتہ وصولنے والے سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر سمیت چار افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے شہری کو اغوا کر کے بھتہ لیا تھا، سی ٹی ڈی اہلکاروں کیخلاف ٹیپو سلطان تھانے میں مقدمہ درج ہے، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے چاروں پولیس افسران کو برطرف کر دیا ہے۔

ملازمت سے برطرف کیے جانے والوں میں سب انسپکٹر رفاقت ولی، اے ایس آئیز لیاقت علی ، جہانزیب اور حارث شامل ہیں، ملزموں نے جسیم نامی شہری کو اغوا کیا تھا۔

شہری کو سی ٹی ڈی گارڈن لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، ملزموں نے شہری سے 4 لاکھ روپے بھی طلب کئے تھے، اہلکاروں نے شہری کو اپنے نام اسامہ، عمر فاروق اور عمران بتائے تھے۔

شہر قائد میں واقعہ 31 مارچ کو پیش آیا تھا جس کا مقدمہ 4 اپریل کو ٹیپو سلطان تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں