سندھ کے داخلی و خارجی راستوں پر لگے مانیٹرنگ کیمروں کی حفاظت آر آر ایف کے سپرد

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے داخلی و خارجی راستوں پر لگے مانیٹرنگ کیمروں کی حفاظت آر آر ایف کے سپرد کر دی گئی۔

ٹال پلازہ پر لگے کیمروں کی حفاظت کے لئے نفری تعینات کی جائے گی، پراجیکٹ منیجر این آر ٹی سی نے کہا ہے کہ 10 مئی تک سمارٹ سرویلنس سسٹم مکمل طور پر فعال اور پولیس کے سپرد کر دیا جائے گا۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیرصدارت سندھ سمارٹ سرویلنس سسٹم منصوبے ایس فور کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹرز، آئی ٹی، اسٹیبلشمنٹ، آر آر ایف، پراجیکٹ منیجر این آر ٹی سی اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی آئی ٹی کی جانب سے شرکا کو ایس فور منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، انہوں نے بتایا کہ سندھ کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر 40 کیمرے نصب کیے گئے ہیں، ان کیمروں میں فیشل ریکگنیشن کیمرے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کیمرے گاڑیوں کی جانچ، نقل و حرکت اور ڈیٹا مرتب کرنے میں معاونت کریں گے، کیمروں کی مدد سے چوری شدہ، رنگ اور نمبر پلیٹ تبدیل کی گئی گاڑیوں کی نقل و حرکت مانیٹر کرنے میں آسانی ہوگی۔

ڈی آئی جی آر آر ایف نے شرکا کو بریفنگ دی کہ ان کیمروں کی سکیورٹی کے لیے 1400 پولیس اہلکار درکار ہوں گے، آر آر ایف 3512 اہلکار بھرتی کرنے جا رہا ہے۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ہدایت کی کہ ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹرز، اسٹیبلشمنٹ اور آر آر ایف پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے، کمیٹی سرویلنس کیمروں کی حفاظت کیلئے پولیس اہلکاروں کی تعیناتی اور قواعد و ضوابط کے حوالے سے تجاویز مرتب کرے۔

غلام نبی میمن نے کہا کہ سرویلنس کیمروں کی مدد سے جرائم اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کی نشاندہی اور معلومات فراہمی میں آسانی ہوگی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں