احسن اقبال سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک کے دوسرے مرحلے کو تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں توانائی و بجلی، انفراسٹرکچر، زراعت اور مواصلات کے منصوبوں پر باہمی تعاون سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ چینی قیادت اور حکومت پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے کی خواہاں ہے، حکومت سی پیک منصوبوں کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کرنے کیلئے پُرعزم ہے، وزیراعظم کا دورہ سی پیک سمیت تمام شعبوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وقت آگیا کہ جاپان اور پاکستان تجارت و سرمایہ کاری کو مزید فروغ دیں: وزیراعظم

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سی پیک کا بنیادی مقصد صنعت، توانائی، انفراسٹرکچر، سماجی شعبے اور زراعت کے شعبوں میں ہاہمی تعاون کو فروغ دینا ہے، ایم ایل ون منصوبے پر مثبت پیش رفت سے ٹرانسپورٹیشن اور مال برداری کے شعبوں میں جدت آئے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے چین کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے، سبز انقلاب کیلئے چین کے تعاون اور سرمایہ کاری سے زراعت کے شعبے کو جدت سے روشناس کرایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ اقبال پاکستان چاہتا ہے کہ چین پاکستان کے صنعتی زونز میں الیکٹرک کاروں کے مینوفیکچرنگ یونٹس بنائے، پاکستان میں مینوفیکچرنگ سے چین کی پیداواری لاگت کم ہوگی، چین کو انسانی وسائل کی ضرورت ہے جبکہ ہمیں چینی ماہرین کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے متعدد منصوبوں کیلئے گرانٹس کی منظوری دیدی

احسن اقبال نے کہا کہ 2025 میں پاکستان میں جنوبی ایشیائی گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ہماری خواہش ہے کہ چینی کوچز ہمارے کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں، ہمیں ابھی سے جنوبی ایشیائی کھیلوں کیلئے اپنے کھلاڑیوں کو تیار کرنا ہے۔

اس موقع پر چینی سفیر نے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں