کرغزستان میں طلبہ ایئرپورٹ پر پھنس گئے، ٹکٹ کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں: بیرسٹر سیف

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کرغزستان میں طلباء و طالبات ایئرپورٹ پر پھنسنے کی اطلاعات ہیں، طلباء وطالبات ٹکٹ کے لئے مارے مارے پھر رہے ہیں۔

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ کرغزستان میں پھنسنے والے طلبہ کے والدین تاحال پریشان ہیں، وفاقی حکومت کے مفت ٹکٹ کے دعوے بھی سیاسی دعوؤں کی طرح جھوٹے ثابت ہوئے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے طلباء وطالبات نے اپنی جیب سے ٹکٹ خریدے ہیں، ڈی جی انفارمیشن کا بیٹا اپنا ٹکٹ لے کر پہنچ گیا جبکہ بھتیجا تاحال ایئر پورٹ پر پھنسا ہے، والدین کا حکومت سے خصوصی طیارے بھیجنے کا مطالبہ ہے، طلبہ معمول کی پروازوں سے لائے جارہے ہیں جسکی وجہ سے مشکلات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 10 ہزار طلباء کو معمول کی پروازوں سے لانا تشویشناک ہے، تقریباً 3 ہزار طلباء خیبر پختونخوا سے تعلق رکھتے ہیں، اسحاق ڈار کے لئے خصوصی پرواز کا بندوبست ہے لیکن طلباء کے لئے نہیں، پی آئی اے کو جاتی امراء کے لئے پرائیویٹ جیٹ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے طلباء وطالبات کے اخراجات کے لئے صوبائی حکومت تیار ہے، وفاقی حکومت اس سلسلے میں سنجیدہ اقدامات اٹھائے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں