فوجی تنصیبات پر حملے کروانے والا اب معافیاں مانگ رہا ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے ، شہدا کے مجسمے جلا کر اپنے وقت کا فرعون معافیاں مانگ رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ محبت کی پینگیں بڑھانا اور معافی کے پیغامات کو بانی پی ٹی آئی کی زبان میں این آر او کہتے ہیں ، کل تک نیوٹرل ہونا جانور اور گالی تھا آج ان کو دوبارہ نیوٹرل ہونے کا کہہ رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جس نے آج تک 9 مئی کے حملوں کی مذمت نہیں کی وہ جیل سے نکلنے کے لیے پینترے بدل رہا ہے، درجن بھر ناکام تحریکیں فلاپ بیانیے اور روزانہ کے کٹھ پتلی شو کے بعد سرنڈر کرنا ہی بنتا تھا۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ دو سال سے جو بہروپیا کہہ رہا تھا میں قوم کی جنگ لڑ رہا ہوں آج وہ پاؤں پکڑ رہا ہے، کچھ دانشوروں کو بھی معلوم ہو گیا، یہ جیل سے نکلنے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہا تھا، 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور اس کے سہولت کاروں کو کوئی معافی نہیں ملنی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے عوام منتظر ہیں، 9 مئی کے حملوں میں ملوث نامزد ملزمان کو عدالتی نظام کب کیفر کردار تک پہنچاتا ہے، شہداء کے مجسمے جلانے والے اور ان کا تمسخر اڑانے والے کسی رحم اور معافی کے مستحق نہیں ہیں، جن شہداء کے مجسمے جلائے  گئے ان کے لواحقین آج بھی نظام عدل کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں