9 مئی کو ذاتی ایجنڈے اور اقتدار کی ہوس میں ملک کی اساس پر حملہ کیا گیا، خواجہ آصف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی ہمیشہ اس بات کی یاد دلائے گا کہ ایک شخص اور گروہ نے ذاتی ایجنڈے اور اقتدار کی ہوس میں ملک کی اساس پر حملہ کیا۔

9 مئی کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 9 مئی 2023 کو جو کچھ ہوا اس کا تصور ہمارے بدترین اور ازلی دشمن بھی نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی تنصیبات اور شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنایا گیا، ایک سوچے سمجھے منصوبے پر عمل کیا گیا، ان واقعات کا تصور کسی بھی ملک میں کسی بھی حالات میں نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ قوم 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور اس پر عمل کرنے والوں کی شناخت کر چکی ہے، ان کے نعروں اور للکاروں کی بازگشت اس دن کی یاد دلاتی ہے، ان کرداروں کا فیصلہ آئین اور قانون کرے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں