پاکستانی حجاج کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں: علامہ طاہر اشرفی

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے پاکستانی عازمین حج سے دوران حج کسی بھی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی درخواست کردی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ عازمین حج کی تعداد 80 ہزار سے زیادہ ہے، سرکاری عازمین حج کی تعداد 60 سے 70 ہزارکے درمیان ہے، سعودی حکام نے اس سال عازمین حج کیلئے بہترین اقدامات کیے ہیں جس پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ پروگرام کےتحت ہمارے ہزاروں حاجی استفادہ کررہے ہیں، اس بار نظام بہت تبدیل ہوا ہے، حج صبر کا نام ہے ،مشکلات آتی ہیں، وزیر مذہبی امورچودھری سالک حسین سعودی عرب میں ہیں، پاکستان کے حجاج سے بار بار ہماری درخواست ہےکہ سعودی عرب کے قوانین پر عملدرآمد کریں۔

علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ حج پر کسی قسم کی سیاسی نعرے بازی اور فرقہ وارانہ سرگرمیوں سے گریز کریں، پاکستان معاشی اور اقتصادی طور پر مشکل میں ہے، حالات تقاضا کرتے ہیں پوری قوم متحد ہوکر مسائل سے نکلے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام تازہ ہوا کا جھونکا ہے، ہمارے اسلامی دوست ممالک سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کی طرف متوجہ ہوئے ہیں، وفود پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے آرہے ہیں، اس وقت ملک میں سیاسی استحکام کی بھی ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں