امریکہ کی جانب سے فرنٹیئر کور اور خیبرپختونخوا پولیس کیلئے منصوبے کا افتتاح

پشاور: (دنیا نیوز) امریکہ کی جانب سے فرنٹیئر کور اور کے پی پولیس کے لئے ایک ملین ڈالر کے منصوبے کا افتتاح کیا گیا۔

فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ آڈیٹوریم اور خیبرپختونخوا پولیس کی خواتین اہلکاروں کی بیرکوں کا افتتاح کیا گیا، امریکی سفارت خانہ کے ڈپٹی چیف آف مشن (ڈی سی ایم ) اینڈریو جے شوفر اور قونصل جنرل شانٹے مور نے افتتاح کیا۔

دو سال کے عرصہ میں دس لاکھ ڈالرمالیت سے منصوبے تعمیر ہوئے، منصوبے کو امریکی سفارت خانہ کے دفتر برائے بین الاقوامی انسداد منشیات اور قانون نافذ کرنے والے امور کی جانب سے مالی اعانت فراہم کی گئی۔

خواتین پولیس کی بیرکوں کا مطلب ہے کہ ایف سی کے پی این اور خیبر پختونخوا پولیس اب ہر سال اضافی پانچ سو خواتین افسران کو بھرتی کر سکتی ہے، انہیں وہاں تربیت دی جائے گی، پولیس ٹریننگ اکیڈمیوں میں خواتین کی دو بیرکوں میں ایک سو اٹھائیس خواتین افسران کی رہائش کے لئے گنجائش ہے۔

ایک بیرک کو ایف سی کے پی این کے افسران اور ایک کو کے پی پولیس افسران کے لئے استعمال کیا جائے گا، آڈیٹوریم کی سہولت ایف سی کے پی این کو 215 خواتین افسروں کو تربیت فراہم کرنے کے قابل بنائے گی، آڈیٹوریم ایف سی کے پی این کے اضافی آپریشنز کے لئے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔

ڈی سی ایم شوفر نے کہا کہ بیرکس اور آڈیٹوریم امریکی مشن اور پاکستان کے درمیان سویلین سکیورٹی اور قانون کی حکمرانی کے حوالے سے چالیس سال سے زائد عرصہ کی شراکت داری کو فروغ دیتے ہیں۔

تقریب میں فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل نور ولی خان اور کے پی پولیس کے انسپکٹر جنرل اختر حیات خان نے بھی شرکت کی، ڈی سی ایم شوفر نے منصوبوں میں تعاون اور کے پی میں خواتین افسران کی تعداد بڑھانے کے عزم پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ڈی سی ایم شوفر نے مزید کہا کہ سکیورٹی اداروں میں پاکستانی خواتین کی تعداد میں اضافے سے مؤثر آپریشنل صلاحیت میں بہتری آتی ہے، سب کے لئے انصاف تک رسائی میں اضافہ ہوتا ہے اور عوام کا اعتماد بڑھتا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں