ایف بی آر کا نان سٹمپڈ اور جعلی سگریٹس کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان سٹمپڈ اور جعلی سگریٹس کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کیا۔

چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ کی ہدایات پر ہونے والی کارروائی کی نگرانی ممبر آئی آر آپریشنز میر بادشاہ خان وزیر نے کی، ملک بھر میں 4652 پرچون فروشوں کی دکانوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ایف بی آر کے مطابق تمباکو کی غیر قانونی تجارت پر 33 دکانوں کو سیل کردیا گیا، انفورسمنٹ ڈرائیو میں 1047 افراد پر مشتمل 204 ٹیموں نے حصہ لیا۔

چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور ممبر آئی آر آپریشنز میر بادشاہ خان وزیر نے کریک ڈاؤن میں حصہ لینے والی فیلڈ فارمیشنز کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک کم انسانی وسائل اور لاجسٹکس کے باوجود سگریٹس کی غیر قانونی تجارت روکنے کے لئے کوشاں ہے، سگریٹس کی غیر قانونی تجارت اور ریونیو چوری کرنے والے مجرموں سے آہنی ہاتھوں کیساتھ نمٹا جائے گا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق کریک ڈاؤن کے اگلے مرحلے میں اس جرم کا دوبارہ ارتکاب کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں