وفاقی وزیر خزانہ کی اطالوی سفیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اٹلی کی سفیر میریلینا ارملین نے ملاقات کی۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعاون اور دیرینہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ نے سفیر کو پاکستان کے معاشی منظر نامے کے بارے میں بتایا، آئی ایم ایف کے ساتھ نو ماہ کے پروگرام کی تکمیل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی، ملکی کرنسی مستحکم ہوئی ہے، پاکستان کی سٹاک مارکیٹ اپنی بلند ترین سطح پر پہنچی ہے، ہم آئی ایم ایف کے ساتھ طویل مدتی پروگرام کیلئے مصروف ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے حکومت کے سٹریٹجک اقدامات کا بھی خاکہ پیش کیا، انہوں نے کہا کہ سٹریٹجک اقدامات کا مقصد ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنا ہے، جن شعبوں پر پہلے ٹیکس نہیں لگایا گیا ان پر فوکس کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے پی آئی اے سمیت ایس او ایز کی نجکاری پر حکومتی عزم کا اعادہ کیا، وزیر خزانہ نے اٹلی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

اس موقع پر اٹلی کی سفیر میریلینا ارملین نے پاکستان کی معیشت میں اضافے کے رجحان کو سراہا، سفیر نے اٹلی اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا جن میں ٹیکسٹائل، مشینری، زراعت اور ڈیری کے شعبے شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں