ای سی سی اجلاس، داسو ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام کرنیوالے چینی ہلاک شدگان کیلئے پیکیج منظور

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مختلف وزارتوں کیلئے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ سمیت داسو ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی ہلاک شدگان کیلئے پیکیج منظور کر لیا۔

وزیرخزانہ محمداورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں داسو ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام کرنے والے ہلاک شدگان چینی باشندوں کیلئے 25 لاکھ 80 ہزار ڈالر معاوضہ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں روز ویلٹ ہوٹل نیویارک کے اخراجات کیلئے 80 لاکھ ڈالر جاری کرنے کی منظوری دی گئی، روز ویلٹ ہوٹل کی 2020 میں بندش کے بعد سے نیشنل بینک سے 15 کروڑ ڈالر کا قرض لیا جا چکا ہے۔

اجلاس میں ایرا کیلئے ایک ارب 2 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کرنے اور پاکستان سٹیل ملز کی جانب سے سوئی سدرن کے بل ادا کرنے کیلئے رقوم کی منظوری دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اسلام آباد انتظامیہ کے منصوبوں کیلئے ساڑھے 5 کروڑ روپے اور متعدی امراض سے بچاؤ کے وفاقی پروگرام کیلئے 12 ارب روپے سے زائد کی منظوری دے دی۔

اجلاس میں پاور ڈویژن کیلئے ترقیاتی اخراجات کی مد میں 2 ارب 21 کروڑ روپے اور نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کی ٹیکنیکل ضمنی گرانٹ کیلئے 18 کروڑ 45 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں