کےالیکٹرک کی سندھ حکومت سے واجبات نہ ملنے پر لوڈشیڈنگ بڑھانے کی دھمکی

کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک اور سندھ سرکار آمنے سامنے، کےالیکٹرک نے سندھ حکومت سے واجبات نہ ملنے پر لوڈشیڈنگ بڑھانے کی دھمکی دے دی، کے الیکٹرک نے صوبائی حکومت کو خط لکھ دیا۔

سندھ حکومت نے 9.2 ارب روپے بجلی کی مد میں کےالیکٹرک کو دینے ہیں، کے الیکٹرک کو حکومت سندھ اور واٹر بورڈ نے جنوری سے ادائیگیاں نہیں کی ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مالی بحران کی وجہ سے کے الیکٹرک کو اپنے نیٹ ورک کی مینٹی ننس میں مشکلات کا سامنا ہے، کے الیکٹرک نے سندھ کے سیکرٹری فنانس اور انرجی سمیت میئر کراچی اور دیگر حکام کو خط میں صورتحال سے آگاہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے کھاد کارخانوں کیلئے گیس پر سبسڈی ختم کرنے کی منظوری دیدی

متن کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے بجلی کے بلوں کی مد میں 5 ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے، بجلی کے واجبات کی فوری ادائیگی کے لئے کے الیکٹرک نے حکومت سندھ کو صرف مئی میں 5 مکتوب تحریر کئے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کو اگر فوری ادائیگی نہیں ہوئی تو شدید گرمیوں میں نیٹ ورک بیٹھ سکتا ہے اور بجلی کی طویل بندش ہوسکتی ہے، اس وقت شرح سود بلند ترین سطح پر ہے جس کی وجہ سے کے الیکٹرک بینکوں سے قرض نہیں لے سکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں