درآمدی کوئلے کے پاور پلانٹس پر ایک ارب ڈالر خرچ کرنے کی تیاری

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) سخت معاشی حالت میں کھربوں روپے کے کپیسٹی پیمنٹس کے بعد پاور سیکٹر پر ایک ارب ڈالر مزید لگانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق درآمدی کوئلے پر چلنے والے پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر تبدیل کرنے کے لیے ایک ارب ڈالر درکار ہیں، درآمدی کول پاور پلانٹس کے بوائلر تبدیل کیے جائیں گے اور درآمدی کول پاور پلانٹ کی ٹیکنالوجی میں دیگر تبدیلیاں بھی ہوں گی۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ مقامی کوئلے پر منتقل کرنے سے پاور پلانٹس کی کارکردگی مزید کم ہوگی کیونکہ مقامی کوئلے اور درآمدی کوئلے کے ہیٹ ویلو میں فرق ہے،درآمدی کوئلے سے 4960 میگاواٹ کے تین پاور پلانٹس بجلی پیدا کررہے ہیں جن میں 1320 میگاواٹ کا چائنہ حب 15 فیصد اور 1320 میگاواٹ پورٹ قاسم 18 فیصد بجلی پیدا کررہا ہے۔

ساہیوال کول پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداواری صلاحیت 22 فیصد ہے، تینوں پاور پلانٹس پر ساڑھے پانچ ارب ڈالر سے زائد کا خرچہ ہوا ہے اور سالانہ 700 ارب روپے کی کپیسٹی پیمنٹس لے رہی ہے جبکہ وزیر توانائی کی چینی حکام سے بات چیت جلد متوقع ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں