سٹاک مارکیٹ میں مسلسل پانچویں روز بھی مندی، انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار کی حد بھی کھو بیٹھا

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان برقرار ہے جس کے باعث آج بھی ہنڈرڈ انڈیکس منفی زون میں بند ہوا۔

کاروباری ہفتے پانچویں اور آخری روز کاروبار کا آغاز سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا ہے، 300 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کیساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 66 ہزار 890 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

تاہم ٹریڈنگ کے دوران سٹاک مارکیٹ میں اچانک مندی چھاگئی جو کاروباری روز کے اختتام تک برقرار رہی جس کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 902 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 65 ہزار 596 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری دن کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 952 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ایک لاکھ 66 ہزار 498 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب امریکا میں شرح سود میں اضافے کے خدشہ کے باعث ایشیائی مارکیٹس دباؤ کا شکار ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں 3.79 فیصد مندی دیکھی گئی، انڈونیشیا کے جکارتہ کمپوزٹ انڈیکس میں 2 فیصد کمی ہوئی ہے، جبکہ جاپان کے نکی انڈیکس میں 1.61 فیصد گراوٹ دیکھنے میں آ رہی ہے۔

اس کے علاوہ ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں ایک فیصد مندی دیکھی گئی ہے، جبکہ چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں