کیوی بلے باز کولن منرو کا انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد

کرائسٹ چرچ: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز کولن منرو نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

جارح مزاج بیٹر نے 123 انٹرنیشنل میچز میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلیک کیپس کے لیے کھیلنا میرے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی رہی ہے، میں نے کبھی بھی اس جرسی کو پہننے کے علاوہ کچھ فخر محسوس نہیں کیا اور حقیقت یہ ہے کہ میں تمام فارمیٹس میں 123 بار ایسا کرنے میں کامیاب رہا ہوں جس پر مجھے ہمیشہ ناقابل یقین حد تک فخر رہے گا۔

کولن منرو نے لکھا کہ میں آج انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں اگرچہ میری آخری بار ٹیم میں شمولیت کو کچھ عرصہ گزر چکا ہے لیکن میں نے کبھی امید نہیں چھوڑی کہ شاید میں اپنی ٹیم میں واپس آنے کے قابل ہو جاؤں۔

بلے باز نے مزید لکھا کہ ورلڈ کپ کے لیے بلیک کیپس سکواڈ کے اعلان کے ساتھ اب اس باب کو باضابطہ طور پر بند کرنے کا بہترین وقت ہے، میں کیریبین میں لڑکوں کو اپنا کام کرتے ہوئے دیکھنے کا انتظار نہیں کر سکتا، میں فرنچائز کے میدان میں پوری دنیا میں اپنی کرکٹ کو جاری رکھنے کا منتظر ہوں۔

یاد رہے کہ کولن منرو نے 65 ٹی ٹوئنٹی، 57 ون ڈے اور ایک ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر تین ہزار انٹرنیشنل رنز بنا رکھے ہیں اور منرو نے 2020 میں آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹی 20 میچ کھیلا تھا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں