ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ونڈیز کو بڑا جھٹکا، جیسن ہولڈر ایونٹ سے باہر

کیربیئن: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ویسٹ انڈین ٹیم کو بڑا جھٹکا لگ گیا، ویسٹ انڈین کرکٹر جیسن ہولڈر انجری کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہو گئے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے مطابق ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے اور تجربہ کار کھلاڑی جیسن ہولڈر کی جگہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر اوبیڈ میک کوئے کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا۔

32 سالہ جیسن ہولڈر کاؤنٹی چیمپئن شپ 2024 کے دوران انجری کا شکار ہوئے اور انہیں صحت یاب ہونے کے لیے وقت درکار ہے جس کی وجہ سے وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

جیسن ہولڈر کی جگہ سکواڈ میں شامل کئے جانے والے اوبیڈ میک کوئے ویسٹ انڈیز اے کے حالیہ دورہ نیپال کے دوران سب سے زیادہ وکٹ لینے والے باؤلر تھے اور انہوں نے پانچ میچوں میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔

ویسٹ انڈیز کے سلیکٹر ڈیسمنڈ ہینس کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے دوران جیسن ہولڈر کی کمی محسوس ہوگی تاہم اس دوران میک کوئے کو بڑے مرحلے پر ایک موقع فراہم کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جیسن ہولڈر ہمارے سیٹ اپ میں ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں، بلاشبہ ان کی کمی میدان کے اندر اور باہر دونوں جگہ محسوس کی جائے گی لیکن ہم جلد ہی ایک بار پھر مکمل طور پر فٹ جیسن کے ساتھ آنے کے منتظر ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں