چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی عدم شرکت سے کرکٹ ختم نہیں ہوگی: حسن علی

لاہور: (ویب ڈیسک) فاسٹ باؤلر حسن علی نے بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے حسن علی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی شرکت سے قطع نظر ٹورنامنٹ کا انعقاد ہونا چاہیے، اگر ہم وہاں سکیورٹی خدشات کے باوجود کھیلنے جا سکتے ہیں تو وہ بھی آ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور بی سی سی آئی کو ہٹا کر دیکھیں تو ان کے پلیئرز بھی پاکستان میں کھیلنا چاہتے ہیں تاہم فیصلے اور پالیسیوں کو مدنظر رکھنا ہوتا ہے۔

حسن علی نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہوگی، اگر بھارت نہیں آنا چاہتا تو نہ آئے، اس کے نہ آنے سے کرکٹ ختم نہیں ہوگی البتہ اس کے علاوہ دیگر ٹیمیں بھی ہیں۔

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان دورے کی اجازت نہیں دے رہی، اس لئے ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل یا نیوٹرل وینیو پر کرایا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں