محمد عباس ایک بار پھر قومی ٹیم میں واپسی کے منتظر
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سینئر فاسٹ باؤلر محمد عباس نے ایک مرتبہ پھر پاکستانی ٹیم میں واپسی کی آس لگا لی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس نے کہا ہے کہ میری پہلی ترجیح پاکستان ہے، میں سلیکشن کمیٹی کی طرف سے موقع دیئے جانے کا منتظر ہوں، چیمپئنز ون ڈے کپ کیلئے مجھ سے کوچز یا سلیکشن کمیٹی میں سے کسی نے کوئی رابطہ نہیں کیا البتہ سیالکوٹ ریجن کے ٹرینر کی کال آئی تھی کہ 3 ستمبر تک آ کر فٹنس ٹیسٹ دیں، پاس ہونے کی صورت میں 150 پلیئرز میں شامل کر لیا جائے گا۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جب بھی طلب کیا پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس پہنچ جاؤں گا، انگلش کاؤنٹی کرکٹ کی وجہ سے چیمپئنز کپ میں حصہ نہیں لے سکا۔
انہوں نے کہا کہ میرا انگلش کاؤنٹی کیساتھ ستمبر تک کا معاہدہ ہے اور میچز چل رہے تھے اس لیے نہیں جا سکا، کاؤنٹی میچز میں بہت زیادہ باؤلنگ کرنے کا موقع مل رہا ہے، میں اپنی فٹنس پر بھر پور کام کر رہا ہوں، فارم بھی اچھی ہے، البتہ سلیکشن کے معاملات میرے اختیار میں نہیں ہیں۔