مینز ٹی20 ایمرجنگ ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان
کولمبو: (ویب ڈیسک) ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے مینز ٹی20 ایمرجنگ ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔
مینز ٹی20 ایمرجنگ ایشیا کپ 18 اکتوبر سے عمان میں شروع ہوگا، اے سی سی کے اس ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان، ہانگ کانگ، میزبان عمان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) شامل ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل نے ایمرجنگ ایشیا کپ کی ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا ہے، گروپ اے میں سری لنکا اے، بنگلادیش اے، افغانستان اے اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کو رکھا گیا ہے۔
اے سی سی نے گروپ بی میں پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان کی ٹیموں کو شامل کیا ہے، پاکستان اور بھارت کا گروپ میچ 19 اکتوبر کو شیڈول ہے۔
ایونٹ میں پاکستان اے ٹیم 21 اکتوبر کو عمان اور 23 اکتوبر کو یو اے ای کے خلاف میچ کھیلے گی، اے سی سی کے ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنلز 25 اکتوبر کو ہوں گے جبکہ فائنل 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔