ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل! پہلا روز باؤلرز کے نام، 14 وکٹیں لے اڑے

لارڈز: (دنیا نیوز) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 212 رنز بنائے جواب میں جنوبی افریقا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 43 رنز بنالیے ہیں۔

لارڈز کے میدان میں ہونے والے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کا ٹاس جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باؤما نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور مارنس لبوشین نے اننگز کا آغاز کیا تاہم خواجہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ لبوشین 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تیسرے نمبر پر آنے والے کیمرون گرین 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور ٹرویس ہیڈ 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

کینگروز کی پانچویں وکٹ 146 کے مجموعی سکور پر گری جب سٹیو سمتھ 66 رنز بناکر پویلین لوٹے، بیو ویبسٹر72 اور ایلکس کیری23 رنز بناکر چلتے بنے جبکہ مچل سٹارک اور کپتان پیٹ کمنز ایک ایک رنز اور نیتھن لائن بغیر کھاتہ کھلے آؤٹ ہوگئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے 5، اور مارکو جانسن نے3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کیشو مہاراج اور ایڈن مارکرم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

جواب میں پروٹیز کی پہلی اننگز جاری ہے اور 43 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں اور 169 رنز کی خسارہ پورا کرنا باقی ہے۔ ریان رکلٹن 16، وائن مولڈر 6، ٹرسٹین اسٹبز اور ایڈن مارکرم 0 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹے ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹار ک نے 2 جبکہ پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے پاس آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کرنے کا سنہری موقع ہے۔

ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کے پچھلے ایڈیشن کا فائنل اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا تھا جس میں بھارت کو شکست دیکر آسٹریلیا چیمپئن بنی تھی اور اس بار وہ جنوبی افریقہ کو شکست دیکر مسلسل 2 ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کرسکتی ہے۔

جنوبی افریقی سکواڈ
جنوبی افریقی سکواڈ میں کپتان ٹیمبا باووما، ایڈن مارکرم، ریان رکلیٹن، ویان مولڈر، ٹرسٹن سٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین، مارکو جینسن، کیشو مہاراج، کگیسو ربادا اور لونگی نگیدی شامل ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم
آسٹریلوی ٹیم کپتان پیٹ کمنز، عثمان خواجہ، مارونس لبوشین، کیمرون گرین، سٹیو سمتھ، ٹریوس ہیڈ، بیو ویبسٹر، ایلکس کیری، مچل سٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ پر مشتمل ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں