نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے کریک ڈاؤن، 220 ملزم گرفتار

(لاہور نیوز) نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب کا مشن تکمیل کی جانب گامزن ہے، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 486 چھاپے مارے گئے۔

کارروائی کے دوران منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزموں کے خلاف 217 مقدمات درج، 220 ملزم گرفتار کئے گئے، ملزموں کے قبضہ سے 175 کلو گرام چرس، 2 کلو 865 گرام آئس، 326 گرام ہیروئن اور 2423 لٹر شراب بھی برآمد ہوئی۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے 32 روز کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانے پر 8581 ریڈز کی گئیں، منشیات فروشوں کے خلاف 4346 مقدمات درج اور 4740 ملزم گرفتار کئے گئے۔

ملزموں کے قبضے سے 3385 کلو گرام چرس، 18 کلو آئس، 61 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی، 170 کلو گرام افیون اور 49374 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات کی سپلائی چین میں ملوث سمگلرز اور ڈیلرز سمیت تمام ملزموں کو پابند سلاسل کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے کہا نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئس ، شیشہ اور دیگر فلیورڈ ڈرگ بیچنے والوں کے خلاف ترجیحی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، آر پی اوز اور ڈی پی اوز منشیات کے بڑے ڈیلرز کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں